53 سالہ عرفان خان نیورو اینڈوکرائن ٹیومر یعنی عام الفاظ میں آنتوں کے کینسر کا شکار تھے اور لندن سے علاج کروانے کے بعد گذشتہ برس واپس انڈیا آئے تھے۔
انھیں منگل کو ممبئی کے کوکیلابین ہسپتال میں انتہائی نگہداشت کے یونٹ میں داخل کیا گیا تھا اور ان کے ترجمان نے ایک بیان میں کہا تھا کہ عرفان خان کو بڑی آنت میں انفیکشن کی وجہ سے ہسپتال لایا گیا ہے۔
تاہم بدھ کو عرفان خان کے خاندان نے ان کی موت کی تصدیق کرتے ہوئے ایک بیان میں کہا کہ 'مجھے یقین ہے کہ میں ہار چکا ہوں۔' اداکار عرفان خان نے یہ دل چھونے لینے والی بات اپنے سنہ 2018 کے ایک نوٹ میں کہی تھی جب وہ کینسر کی بیماری سے لڑ رہے تھے اور آج ہم یہافسوسناک خبر دے رہے ہیں کہ وہ ہمارے درمیان نہیں یھ
گذشتہ دنوں عرفان خان کی والدہ سعیدہ بیگم بھی ریاست راجستھان کے شہر جے پور میں انتقال کر گئی تھیں اور ملک گیر لاک ڈاوٴن کے باعث وہ اپنی والدہ کی آخری رسومات میں شامل نہیں ہو سکے تھے۔
اطلاعات کے مطابق انھوں نے ویڈیو کال کے ذریعے والدہ کی آخری رسومات میں شرکت کی۔
2018 میں جب عرفان خان کو اپنے مرض کے بارے میں پتا چلا تھا تو انھوں نے خود اپنے مداحوں کو اس بارے میں بتایا تھا۔
انھوں نے ٹوئٹر پر پیغام میں کہا تھا 'زندگی میں اچانک کچھ ایسا ہو جاتا ہے جو آپ کو آگے لے کر جاتا ہے۔ میری زندگی کے گذشتہ چند برس ایسے ہی رہے ہیں۔ مجھے نیورو اینڈوکرائن ٹیومر نامی مرض ہو گیا ہے لیکن میرے آس پاس موجود لوگوں کے پیار اور طاقت نے مجھ میں امید پیدا کی ہے۔'
مرض کے بارے میں علم ہوتے ہی عرفان خان علاج کے لیے لندن چلے گئے تھے اور تقریباً ایک برس وہاں رہنے کے بعد مارچ 2019 میں انڈیا واپس آئے تھے۔
واپسی کے بعد عرفان خان نے دوبارہ کام بھی شروع کیا تھا اور چند ماہ قبل ان کی فلم 'انگریزی میڈیم' بھی ریلیز ہوئی ہے جو ان کی کامیاب فلم ’ہندی میڈیم‘ کا سیکوئل ہے۔
عرفان خان نے اپنے کریئر میں بالی وڈ کی 100 سے زائد فلموں میں کام کیا جن میں پیکو، مقبول، حاصل، ہندی میڈیم، لنچ باکس اور پان سنگھ تومر جیسی کامیاب فلمیں بھی شامل ہیں۔
عرفان خان کو اداکاری کے شعبے میں ان کی خدمات پر سنہ 2011 میں پدم شری سے نوازا گیا تھا جبکہ سنہ 2013 میں انھیں پان سنگھ تومر میں بہترین اداکاری پر نیشنل فلم ایوارڈ بھی ملا تھا اور اسی سال فرانس میں کانز فلمی میلے کے دوران ان کی فلم ’لنچ باکس‘ نے عوامی پسندیدگی کا ایوارڈ بھی جیتا تھا۔
وہ بالی وڈ کے علاوہ ہالی وڈ میں بھی اپنی پہچان رکھتے تھے اور انھوں نے ہالی وڈ کی 'لائف آف پائی'، 'سلم ڈاگ ملینيئر' اور 'دی امیزنگ سپائڈر مین' جیسی معروف فلموں میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے۔
ہالی وڈ میں اپنے کام کے بارے میں بات کرتے ہوئے ایک مرتبہ عرفان خان نے کہا تھا کہ ’میں ہالی وڈ کی فلمیں صرف تجربے کے لیے کرتا ہوں۔ آپ کو شاید یہ سن کر تھوڑا تعجب ہوگا لیکن کئی بار ہالی وڈ کی فلمیں کرنے کے لیے مجھے بہت کم رقم ملتی ہے۔ کئی بار تو ایسا ہوا ہے کہ ان فلموں کی وجہ سے مجھے مالی نقصان ہوا ہے۔ لیکن ان فلموں نے اداکار کے طور پر مجھے بہت کچھ دیا ہے اور اداکاری میں میری دلچپسی برقرار رکھی ہے'۔
Comments
Post a Comment